توشہ خانہ فوجداری کیس: عمران خان پر فرد جرم عائد ہونے کا امکان

539
nationwide

اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر توشہ خانہ فوج داری کارروائی سے متعلق کیس میں کل فرد جرم عائد ہونے کا امکان ہے۔

عدالت نے عمران خان کے کل درخواست ضمانت میں پیشی کے لیے آخری مہلت دے رکھی ہے۔ ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال کچہری میں 2 مقدمات کی سماعت کریں گے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق اسلام آباد کچہری میں ایڈیشنل سیشن جج نے سابق وزیراعظم کو کل ذاتی حیثیت میں طلب کررکھا ہے جب کہ توشہ خانہ فیصلے کے بعد احتجاج پر عمران خان کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کل سیشن کورٹ میں ہوگی۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کل دو عدالتوں میں پیش ہوں گے۔ بینکنگ کورٹ اور کچہری میں عمران خان کے خلاف مجموعی طور پر 4 مقدمات زیر التوا ہیں۔ بینکنگ کورٹ یا کچہری میں عدم پیشی پر عمران خان کی ضمانت خارج بھی ہوسکتی ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق ممنوعہ فنڈنگ کیس فارن ایکسچینج ایکٹ کے تحت مقدمے میں عمران خان کی ضمانت کی درخواست زیر التوا ہے۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کو کل بینکنگ کورٹ میں پیش ہونے کا حکم دے رکھا ہے۔ بینکنگ کورٹ میں عدم پیشی پر عمران خان کی ضمانت خارج بھی ہو سکتی ہے بینکنگ کورٹ کی جج رخشندہ شاہین کیس کی سماعت کریں گی۔

تھانہ سنگجانی میں درج مقدمے میں انسداد دہشت گردی عدالت سے عمران خان عبوری ضمانت کرائیں گے۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے اس سے قبل عمران خان کی ضمانت عدم حاضری پر خارج کردی تھی۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج راجا جواد عباس کیس کی سماعت کریں گے۔