فیصل آباد:وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنا ء اللہ نے کہا ہے کہ جیل بھرو تحریک عمران خان کے لئے ڈوب مرو تحریک بن گئی۔
فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان کبھی اسلام آباد پر حملہ آور ہوتا ہے تو کبھی اسلام آبادسیل کرنے کی دھمکی دیتا ہے، ناکامیوں کے بعد اسمبلیاں توڑنے کا حربہ استعمال کیا۔راناثنااللہ نے کہا کہ عمران خان نے 8 ماہ سے ملک میں فتنہ اور فساد برپا کر رکھا ہے،ان کابیانیہ صرف اور صرف کنفیوژن پھیلانے کے لئے ہے، عمران خان نے پونے 4 سال مسائل پیدا کرنے کی کوشش کی اور اب مسائل بڑھانے کی کوشش کررہا ہے،ہم ملک کومسائل سے نکالنے کی کوششوں میں لگے ہیں۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ جیل بھرو تحریک عمران خان کے لئے ڈوب مرو تحریک بن گئی ، جیل بھروتحریک میں 100، سوا سو آدمی اکٹھے ہوئے ہیں، ان میں سے بھی 80 فیصد ایسے ہیں جو کہتے ہیں ہمیں چھوڑ دیں، وہ کہتے ہیں کہ یہ لوگ ہمیں ورغلاکر لے آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جو جیل جانا چاہتا ہے اسے جیل ہی بھیجا،کسی بیگار کیمپ نہیں بھیجا، ان سب کو 30،30 دنوں کیلئے بند کیا گیا ، جب جیلیں بھرنی ہیں تو پہلے دوردراز کی جیلیں بھریں گے، ڈی جی خان، راجن پور، مظفرگڑھ اور شاہ پور جیلوں میں کافی گنجائش ہے، اس کے بعد لاہور، فیصل آباد اور راولپنڈی کی جیلیں بھریں گے۔
آڈیو لیکس کے حوالے سے وزیر داخلہ نے کہا کہ پرویز الٰہی کہہ رہے تھے کہ فلاں کیس فلاح جج کے پاس لگانا ہے، ہمارا موقف ہے از خود نوٹس لیتے ہوئے اس کی انکوائری کی جائے، پرویزالٰہی نے جج کے ساتھ تعلق کا تاثر کیوں دیا؟ تحقیقات تک کسی معزز جج پر الزام لگانے کے حق میں نہیں۔