اسلام آباد: وزیرِ اعظم شہباز شریف نے وکلا تحفظ ایکٹ کی منظوری کی اجازت دے دی، جس کے بعد اب کابینہ کے آئندہ اجلاس میں وکلا تحفظ ایکٹ اصولی منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔
خبر رساں اداروں کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے وکلا تنظیموں نے ملاقات کی، جس میں وزیر اعظم نے یقین دہانی کروائی کہ اعلیٰ عدلیہ میں ججز کی تعنیاتی کے حوالے سے وکلا برادری سے بھرپور مشاورت کی جائے گی۔
وزیرِ اعظم نے بار نمائندگان کے سپریم کورٹ کے ازخود نوٹس پر حقِ اپیل کے مطالبے پر انہیں اس حوالے سے بِل کا مسودہ پیش کرنے کا کہا۔ وزیرِ اعظم نے بار نمائندگان کو یقین دہانی کروائی کہ حکومت سپریم کورٹ کے ازخود نوٹس پر حقِ اپیل کا بِل پارلیمان میں منظوری کے لیے پیش کرے گی۔،
وزیراعظم نے کہا کہ وکلا نے ملک میں قانون کی بالادستی کے لیے طویل جدوجہد کی۔ آئین و قانون کی بالادستی کے لیے وکلا برادری کی بے شمار قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ حکومت بار کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کر رہی ہے۔