لاہور:سابق ٹیسٹ کرکٹر سرفراز نواز پی سی بی کرکٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی سے غیر مشروط معافی مانگنے پر تیار ہوگئے۔
لندن میں مقیم 74سالہ سابق فاسٹ بالر جو ان دنوں صاحب فراش ہیں نے نجم سیٹھی کے نام خط میں واضح کیا ہے کہ وہ عدالت میں معافی نامہ لکھ کر دینے کو آمادہ ہیں،اس سلسلے میں ان کے وکیل نعیم بخاری کرکٹ بورڈ آکر پی سی بی وکیل کے ساتھ مل کر معاملہ ختم کرنے کے لیے کسی بھی وقت آنے کو تیار ہیں،۔
سرفراز نواز نے ایک بار پھر اپنی پینشن جاری کرنے کی بھی درخواست کی تھی، 55ٹیسٹ اور 45ایک روزہ میچز میں ملک کی نمائندگی کرنے والے سرفراز نواز کی دائیں ٹانگ کا چند روز پہلے آپریشن ہوا جبکہ دوسری ٹانگ کا آپریشن ایک ماہ بعد ہوگا۔
پی سی بی نے عرصہ دراز سے سرفراز نواز کی پلیئرز ویلیفئیر پالیسی کی پینشن روک رکھی ہے، ماضی میں سرفراز نواز نے نجم سیٹھی پر غداری اور میچ فکسرز کی سرپرستی جیسے سنگین الزامات لگائے تھے، حال ہی میں نجم سیٹھی نے پینشن کی بحالی کو سرفراز نواز کی عدالت میں معافی سے مشروط کیا تھا۔