اسلام آباد: تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ اسلام آباد ریجن کی لیڈرشپ اور ورکرز عمران خان کی کال پر جیل بھرو تحریک میں اگلے ہفتے گرفتاریاں دیں گے۔
پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹری جنرل اسد عمر ، علی نواز اعوان اور راجہ خرم نواز سمیت سینکڑوں ارکان گرفتاریاں پیش کریں گے یہ فیصلہ پی ٹی آئی اسلام آباد ریجن کی ایڈوائزری کونسل کے اجلاس میں کیا گیا۔
جس کی صدارت ریجنل صدر علی نواز اعوان نے کی ، ایڈوائزری کونسل کے ارکان سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ چیئرمین عمران خان کی کال پر اسلام آباد ریجن کی ٹاپ لیڈرشپ سینکڑوں کارکنوں کے ہمراہ گرفتاریاں پیش کرے گی۔
اسلام آباد سے منتخب تینوں ارکان قومی اسمبلی مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر ، علی نواز اعوان ،راجہ خرم نواز اور دیگر مرکزی قائدین بھی ورکرز کے ہمراہ پہلی صف میں گرفتاریاں دیں گی۔
اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے پی ٹی آئی اسلام آباد ریجن کے صدر علی نواز اعوان نے کہا کہ عمران خان اس قوم کی حقیقی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں عمران خان چاہتے تو مہنگائی کے خلاف احتجاج کی کال دیتے جس سے ملک بھر میں پسی ہوئی عوام اس تعداد میں نکلتی کہ حکومت کے لیے ان پر قابو پانا مشکل ہو جاتاہے۔