انتخابات نہ ہوئے تو خانہ جنگی کا خطرہ ہے، شیخ رشید

532

راولپنڈی:سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے معاہدے کے باوجود ڈیفالٹ کا خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات نہ ہوئے تو خانہ جنگی کا خطرہ ہے۔ گلے پر انگوٹھا رکھ کر الیکشن کرانا ہوں گے۔

جیل سے رہائی کے بعد لال حویلی کے باہر اپنے پہلے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ  عمران خان سے کہہ دیا ہے کہ اب آر یا پار کا وقت آگیا ہے۔ مریم بی بی کا بیانیہ اس کے گھر نہیں چلتا قوم میں کیا چلنا ہے۔یہ پہلے اپنے شوہر کو تو اپنے بیانیے پر لائیں۔ کیپٹن صفدر کہتا ہے کھیل ختم پیسہ ہضم ہے،مریم بی بی کہتی ہے یہ اس کی حکومت نہیں پھر ہمت کریں قوم کو بتائیں یہ کس کی حکومت ہے؟۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ یہ عمران خان کو نااہل اور گرفتار کر کے ایک ساتھ عام انتخابات کرانا چاہتے ہیں۔انہوں  نے کہا کہ  وہ ابھی بھی آدھا سامان جیل میں چھوڑ کر آئے ہیں۔ عمران خان نے جیل بھرو تحریک شروع کی تو پہلے وہ اور عوامی مسلم لیگ گرفتاریاں دے گی۔10 ہزار سرفروشوں کی لال حویلی میں رجسٹریشن شروع کر دی ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ  ہر جمعہ کو لال حویلی میں جلسوں سے خطاب کروں گا۔ آصف زرداری نے مسلم لیگ ن کو تباہ کر دیا ہے۔ مسلم لیگ ن کا بیانیہ ختم ہوچکا، روس معیشت ختم ہونے سے ٹوٹ گیا۔ پاکستان کی معاشی صورتحال انتہائی تشویش ناک ہے۔ 15 دن جیل رہنے کے دوران اہم ترین لوگوں سے بھی ملاقات ہوئی ہے، ان پر واضح کر دیا ہے کہ عمران خان کا موقف درست ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں،فوج ہماری ہے جلد یا بدیر فوج کو سمجھ آجائے گی کہ ملک بچانے کے لیے شفاف الیکشن ضروری ہیں۔ فوج سے کہتا ہوں سب کو ساتھ بٹھائیں اور الیکشن کرائیں۔یہ چھوٹے لوگ علاج کے لیے سوئٹزر لینڈ جاتے ہیں، انہیں سیالکوٹ کے بنے استرے پسند نہیں ہیں کیوں کہ یہ خود بڑے استرے ہیں۔