پی ڈی ایم حکومت کی وجہ سے ملک عد م استحکام کا شکار ہوچکا، پرویز خٹک

280

نوشہرہ: تحریک انصاف خیبر پختونخواہ کے صوبائی صدر سابق وزیر اعلی پرویز خان خٹک نے کہاہے کہ پی ڈی ایم حکومت کی وجہ سے ملک سیا سی، معاشی، اقتصادی عد م استحکام کا شکار ھوچکا ہے، رات کی تاریکی میں پی ڈی ایم نے پیٹرولیم مصنوعات کے قیمتوں میں اضافہ کرکے اس ملک کے عوام پر مہنگائی بم گرادیا ہے۔

پرویز خٹک نے کہا کہ  عوام سے جینے کا حق چھینا جارہا ہے، اس حکومت کے پاس عوام کے لیے کوئی پالیسی نہیں،پچھلے 70 سالوں میں جس طرح سے ملک لوٹا گیا ہے آج ان کا خمیازہ عوام بھگت رہے ہیں، مشرقی پاکستان بنگلہ دیش ہم سے جدا ہوا ہے لیکن ایماندار لیڈران ملنے سے بنگلہ دیش آج پاکستان سے بہت آگے نکل گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش میں اب دیگر ممالک اپنے کارخانے لگارہے ہیں بیرونی قرضے آئے روز بڑھ رہے ہیں، ملک دیوالیہ ہونے کے قریب پہنچ گیا ہے آئی ایم ایف سے کئے گئے معاہدوں کے تحت پاکستان پر مزید بھی مہنگائی کے بم گرائے جائیں گے اور آنے والے دور میں پاکستان میں کسی کی بھی حکومت ہو وہ پاکستان کو اس دلدل سے نہیں نکال سکتی۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان بات اسلام کی کرتے ہیں اور مقصد ان کا اسلام آباد ہوتا ہے جس کی واضح مثال یہ ہے کہ کیا ایم ایم اے دور خالصتا مولویوں کا تھا کیا وہ آئمہ مساجد کو ماہانہ وظیفے نہیں دے سکتے۔