لاہور: مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ موجودہ وزیراعظم شہباز شریف ہیں، یہ میری حکومت نہیں ہے اور نہ ہی میں اس حکومت کا حصہ ہوں۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق چیف آرگنائزر پاکستان مسلم لیگ ن مریم نواز سے یوتھ کے نمائندوں نے ملاقات کی، جس میں گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ یہ میری حکومت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت تو تب ہوگی جب نواز شریف پاکستان میں ہوں گے۔
رپورٹ کے مطابق حکومتی ناقص کارکردگی پر اتحادیوں نے ملبہ ایک دوسرے پر گرانا شروع کر دیا ہے۔ مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے خود کو موجودہ حکومت سے الگ قرار دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومتی کارکردگی کی ذمے دار مسلم لیگ ن نہیں۔
مریم نے کہا کہ میں اس حکومت کا حصہ نہیں ہوں۔ یہ میری حکومت نہیں ہے۔ مریم نواز نے مسلم لیگ ن کو موجودہ حالات سے بری الذمہ قرار دینے کی کوشش کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ وزیراعظم شہباز شریف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس حکومت کی کارگردگی کی ذمے داری مسلم لیگ ن پر نہیں ڈالی جا سکتی۔ ہماری حکومت تو تب ہو گی جب نواز شریف پاکستان میں ہوں گے۔ نواز شریف ہی پاکستان کو آگے لے کر جا سکتے ہیں۔