عمران خان نے اپنے ہی خلاف چارج شیٹ پیش کر دی ،شیری رحمان

322
Water shortage

اسلام آباد:وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ عمران خان نے اپنے ہی خلاف چارج شیٹ پیش کر دی ہے، عمران کی فسطائی اور بدترین حکومت آئینی طریقہ کار سے ہٹائی گئی کسی سازش کے ذریعے نہیں۔ ساڑھے تین سال ملک کو تباہ کرنے کے بعد کہتے ہیں میرے پاس حکومت کا اختیار نہیں تھا۔ اگر آپ کی حکومت کے فیصلے کوئی اور کرتا تھا تو ساڑھے تین سال کرسی پر کیوں براجمان رہے؟ اگر بے اختیار وزیراعظم تھے تو اقتدار کیوں نہیں چھوڑا؟۔ان خیالات کااظہار شیری رحمان نے سوموار کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ ؎

شیری رحمان کا کہنا تھا کہ اگر سابق آرمی چیف سوپر کنگ تھے تو ان کو تاحیات آرمی چیف رہنے کی پیشکش کیوں کی؟ مخالفین کو جیلوں میں ڈال کر آپ احتساب کا کریڈٹ لیتے رہے، ابھی آپ کہتے ہیں احتساب کے ادارے بھی سابق آرمی چیف کے کنٹرول میں تھے۔ کیا آپ بھول گئے ہیں آپ جلسوں میں مخالفین کی گرفتاری کا اعلان کرتے تھے؟ اب آپ دراصل اپنی “بے اختیاری” کا نہیں نااہلی کا رونا رو رہے ہیں۔ آپ اتنے نااہل ہیں کہ اب خود تسلیم کر رہے میں کٹھ پتلی اور سلیکٹڈ وزیراعظم تھا۔ موجودہ حالات کا ذمہ دار کوئی اور نہیں آپ خود ہیں۔ آپ کی فسطائی اور بدترین حکومت آئینی طریقہ کار سے ہٹائی گئی کسی سازش کے ذریعے نہیں۔