عالمی مالیاتی ادارے کا قرض نہیں زہر ہے جو حکومت قوم کو دے رہی ہے، سراج الحق

424
get power

راولپنڈی: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ امریکی غلام آئی ایم ایف کے اشاروں پر ناچ رہے ہیں، عالمی مالیاتی ادارے کا قرض نہیں زہر ہے جو حکومت قوم کو دے رہی ہے۔ 170ارب کے نئے ٹیکسز یا کسی منی بجٹ کو مسترد کرتے ہیں۔

سراج الحق نے کہاکہ  حکمران سن لیں غریب قوم مزید قربانی کے لیے تیار نہیں، جن پارٹیوں نے قرض لیا وہی ادا کریں اور قربانی دیں، آئی ایم ایف کا 23واں پروگرام چل رہا ہے، بتایا جائے کیا بہتری آئی۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی پر مشتمل ٹرائیکا مہنگائی اور معیشت کی تباہی میں برابر کا ذمہ دار ہے، دنیا مریخ پر جا رہی ہے، 14پارٹیوں کی حکومت نے قوم کو آٹے کے ٹرکوں کے پیچھے لگایا۔

سراج الحق نے کہاکہ  ملک وسائل سے مالا مال اس کے باوجود غربت، مہنگائی اور اندھیروں میں ڈوبا ہے، تو اس کا ذمہ دار کون ہے، یہی حکمران جماعتیں جو سالہاسال سے قوم کی گردنوں پر مسلط ہے،  75سالوں سے ملک کے ساتھ کھیل کھیلا جا رہا ہے، ظالم جاگیرداروں، وڈیروں اور کرپٹ سرمایہ داروں کی حکومتوں کی وجہ سے ہم نے آدھا ملک کھو دیا، باقی دنیا میں مذاق بن گیا۔

انہوں نے کہاکہ سینہ کوبی مسائل کا حل نہیں، کب تک ہمارے بچے باہر محنت مزدوری کریں گے، ہم پاکستان کو آباد کیوں نہیں کر سکتے؟ پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی سو سال بھی حکومت میں رہیں تو بہتری نہیں آئے گی، انھوں نے ملک کو معاشی اور اخلاقی لحاظ سے دیوالیہ کیا۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ  آج نئی نسل کو جو سیاست منتقل ہو رہی ہے وہ گالم گلوچ کی سیاست ہے اور یہ انہی حکمران جماعتوں کا کیا دھرا ہے۔ ملک کے تمام ادارے بے توقیر ہو گئے، جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا قانون ہے، انصاف ہے نہ میرٹ اور اخلاقیات۔ قوم ظلم کے خلاف اٹھ کھڑی ہو اور جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔