لاہور:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شمسی اور ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی ترجیح شمسی اور حرکی توانائی کے ذرائع سے بجلی کی پیداوار کو فرو غ دینا ہے، قابل تجدید ذرائع کی بدولت کم لاگت اور ماحول دوست بجلی پیدا ہوگی۔
شہباز شریف نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ حکومت نے ن لیگ کے دور میں شروع کئے گئے شمسی اور حرکی توانائی کے منصوبوں پرکام مکمل نہیں کیا تھا جس کا خمیازہ پوری قوم بھگت رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کے دس ہزار میگاواٹ کے شمسی بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے، شمسی توانائی کی بدولت ہم مہنگے درآمدی ایندھن پرخرچ ہونے والے زر مبادلہ کی بچت کے قابل ہوجائیں گے۔
وزیراعظم نے شمسی او رحرکی توانائی کے منصوبوں کی راہ میں حائل تمام رکاوٹوں کو ختم کرنے کی بھی ہدایت کی۔