سلیکشن کمیٹی 2018 ٹوٹ چکی، عمران خان کی کہانی ختم، مریم نواز

396
story is over

اسلام آباد: مسلم لیگ(ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 2018 میں تمہاری سلیکشن کمیٹی تھی لیکن وہ اب ٹوٹ گئی ہے، اب تمہیں فکر ہونی چاہیے، سلیکٹر گھر چلے گئے ہیں بلکہ انہوں نے دونوں ہاتھوں سے اپنے کان پکڑے ہوئے ہیں، اب آپ کی کہانی ختم ہو گئی ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ ن لیگ الیکشن کی تیاری کررہی ہے، ہم الیکشن ہارنے کیلئے نہیں جیتنے کیلئے اتریں ہیں ، بھلے کچھ دن لگ جائیں لیکن عوام کی امیدوں کا دیا بجھنے نہیں دیں گے۔ وہ اسلام آباد میں مسلم لیگ(ن) کے تنظیمی کنونشن سے خطاب کررہی تھیں۔

مریم نواز کا کہناتھاکہ عوام بے وقوف نہیں ہیں بلکہ عوام کو سب پتا ہے کہ اس مہنگائی کو لانے والا کون ہے۔ جو فلائی اوور تحریک انصاف حکومت چار سال میں نہیں بنا سکی وہی راول فلائی اوور شہابز شریف نے ایک مہینے کے اندر بنا کر دکھایا، اسی طرح بارہ کہو فلائی اوور کا عوام ایک عرصے سے مطالبہ کررہے تھے، یہاں لوگ گھنٹوں ٹریفک میں پھنستے تھے لیکن شہباز شریف نے ناصرف وہ فلائی اوور شروع کرا دیا بلکہ وہ جلد سے جلد مکمل ہو گا۔

 نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نعرے، گالی گلوچ اور بدتمیزی کی سیاست چھوڑو اور یہ دیکھو کہ آپ کا مستقبل کس جماعت کے ساتھ وابستہ ہے، آپ کا مستقبل اس جماعت سے وابستہ ہونا چاہیے جس نے آپ کو یوتھ پروگرام دیا، لیپ ٹاپس دیے، اسکالرشپس دیں اور جس نے سی پیک بناکر آپ کے لیے نوکریوں کے دروازے کھولے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں گلی محلے اور سوشل میڈیا پر اس ملک اور نواز شریف کی جنگ لڑنی ہے، یہ مریم نواز کی جنگ نہیں ہے، یہ مسلم لیگ(ن) کی جنگ بھی نہیں ہے بلکہ یہ 22 کروڑ عوام اور پاکستان کے عوام کی جنگ ہے جو ہم نے لڑنی اور جیتنی ہے، میں آپ سے وعدہ کرتی ہوں کہ بھلے کچھ دن لگ جائیں لیکن ہم آپ کی امیدوں کا دیا بجھنے نہیں دیں گے۔