اسلام آباد میں 4 افراد کے قاتل کو 4 مرتبہ سزائے موت کا حکم

635

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے علاقے آبپارہ میں 4 افراد کے قاتل کو 4 مرتبہ سزا موت کا حکم  سنا دیا گیا۔

میڈیا ذرائع کے مطابق اسلام آباد کی مقامی عدالت کے ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا نے محفوظ فیصلہ سنا دیا، جس کے مطابق چار افراد کے قاتل کو چار مرتبہ سزائے موت دی  گئی ہے۔

عدالت نے 6 ماہ کے اسپیڈی ٹرائل کے بعد فیصلہ سنایا۔ ڈپٹی ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر عدنان علی نے کیس کی پیروی کی۔ مارچ 2022 میں وقوعہ ہوا تھا، جس کے بعد جولائی میں فرد جرم عائد ہوئی  تھی۔

واضح رہے کہ سیکٹر جی 6 میں مجرم رحیم نے اہلیہ سمیت 4 افراد کو قتل کر دیا تھا ۔ مجرم نے پہلے پولی کلینک میں اپنی نرس بیوی کو قتل کیا ۔  مجرم نے پولی کلینک اسٹاف پر بھی فائرنگ کی جس سے وہاں بھی قتل ہوا ۔  مجرم نے گھر جاکر اپنے سسر اور بہنوئی کو بھی فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔

بعد ازاں مجرم کے باہر نکلنے پر پڑوسی کی فائرنگ سے مجرم بھی زخمی ہو گیا۔ مرنے والے افراد میں شعیب عزیز، راحیلہ بانو، عزیز الرحمان اور نعیم اختر شامل تھے۔

فیصلے کے مطابق مقدمے کے دوران پراسیکیوشن نے مجرم پر لگائی گئی قتل کی دفعہ ثابت کی۔ مجرم رحیم احمد کو 4 بارسزائے موت کی سزا سنائی جاتی ہے۔ مجرم رحیم احمد کے خلاف قتل کی دفعہ کے تحت گزشتہ سال تھانہ آبپارہ میں مقدمہ درج کیاگیاتھا۔