نجکاری کے عمل میں شفافیت اولین ترجیح ہونی چاہئے، شہباز شریف

268

اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ نجکاری کے عمل میں شفافیت اولین ترجیح ہونی چاہئے، ایسے پبلک سیکٹر انٹر پرائزز جن کی نجکاری کی سفارش نجکاری بورڈ نے کی ہے انکی نجکاری کے عمل کو تیز تر بنایا جائے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت پبلک سیکٹر انٹر پرائزز کی نجکاری کے حوالے سے اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں پبلک سیکٹر انٹر پرائزز کی نجکاری کے عمل کی رفتار کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پبلک سیکٹر انٹر پرائزز کی نجکاری کے عمل کی حوصلہ افزائی کرتی ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ ایسے پبلک سیکٹر انٹر پرائزز جن کی نجکاری کی سفارش نجکاری بورڈ نے کی ہے انکی نجکاری کے عمل کو تیز تر بنایا جائے تاہم اس عمل کو شفاف انداز اور انٹرنیشنل بیسٹ پریکٹسز کی روشنی میں مکمل کیا جائے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار،وفاقی وزیر توانائی انجنیئر خرم دستگیر ،مشیر وزیراعظم احد چیمہ،وزیر مملکت پیٹرولیم مصدق ملک، وزیراعظم کے معاون خصوصی محمد جہانزیب خان اور متعلقہ اعلی سرکاری افسران نے شرکت کی۔