اسلام آباد:وزیراعظم شہبازشریف کی جانب سے 7 فروری کو بلائی گئی اے پی سی کی تاریخ تبدیل کر دی گئی، اب کل جماعتی کانفرنس 9فروری کو ہوگی۔
وزیراعظم شہبازشریف کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف کل جماعتی کانفرنس کی تاریخ تبدیل کردی گئی ہے۔حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی)7 فروری کو بلائی گئی تھی، لیکن وزیراعظم کی مصروفیت کی وجہ سے اب یہ کانفرنس 7 کے بجائے جمعرات 9 فروری کو ہوگی، اور اس کے انعقاد کے لیے وزیراعظم ہائوس اور پارلیمنٹ ہائوس دونوں مقامات کی تجویز ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی دہشت گردی کے مسئلے پر بلائی گئی اے پی سی 7 کے بجائے 9 فروری جمعرات کو اسلام آباد میں منعقد ہوگی جس میں ملک کی تمام قومی وسیاسی قیادت کو مدعو کیا گیاہے۔ دہشت گردی، درپیش چیلنجز کے مقابلے کی مشترکہ حکمت عملی مرتب کی جائے گی، نیشنل ایکشن پلان پر نظرثانی ہو گی
— Marriyum Aurangzeb (@Marriyum_A) February 6, 2023
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر ایاز صادق سیاسی جماعتوں سے رابطوں میں مصروف ہیں اور تحریک انصاف کو بھی اے پی سی میں باضابطہ مدعو کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق اے پی سی میں پارلیمنٹ کے اندر اور باہر تمام سیاسی جماعتوں کو دعوت دی گئی ہے اور اس کانفرنس میں دہشت گردی کے خلاف متفقہ پالیسی اور اعلامیہ تیار کیا جائے گا۔