انقرہ/ دمشق: ترکی اور شام میں 7.8 شدت کے زلزلے نے تباہی مچادی، رات گئے آنے والے زلزلے نے لوگوں کو بچنے کا موقع ہی نہ دیا، بلند و بالا عمارتیں لمحوں میں ملبے کا ڈھیر بن گئیں، 50 سے زائد آفٹر شاکس کا سلسلہ بھی کئی گھنٹوں تک جاری رہا، دونوں ممالک میں اموات کی مجموعی تعداد 2700 سے تجاوز کر گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی جیولوجیکل سروے کا کہنا ہے کہ زلزلے کی شدت ریکڑ اسکیل پر 7.9 اورگہرائی 17.9 تھی۔ زلزلے کا مرکز ترکیہ کے جنوب مشرقی صوبے غازیان کے نردوی کے قریب تھا۔
البستان پہلے زلزلے کے مرکز غازین تیپ سے 80 میل شمال میں واقع ہے جہاں صبح 7 اعشاریہ 8 شدت کا زلزلہ آیا تھا۔
عالمی میڈیا کے مطابق 6 فروری بروز پیر علی الصبح4 بجے ترکیہ کی 100سالہ تاریخ کا سب سے بڑا زلزلہ آیا، امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 7.8ریکارڈ کی گئی ہے، زلزلے کا مرکز ترکیہ سے 23کلومیٹر جنوب میں تھا، جبکہ گہرائی 17.9کلومیٹر تھی، زلزلے کے شدید ترین جھٹکے ایک منٹ تکجبکہ آفٹر شاکس تقریبا 11منٹ بعد محسوس کئے گئے،زلزلے کے جھٹکے قبرص، یونان، اردن، لبنان، جارجیا اور آرمینیا میں بھی محسوس کئے گئے، زلزلے کے خوف لوگ سڑکوں پر نکل آئے، شدیدزلزلے سے ترکیہ کے کہرمان، عثمانیہ، ملاطیا، دریار بکر سمیت 10شہر زیادہ متاثر ہوئے.
ترک صدر طیب اردون نے زلزلے سے متاثر تمام شہریوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امید ہے کہ جلد از جلد اور کم سے کم نقصان کے ساتھ مل کر اس آفت سے نکل جائیں گے،ترک میڈیا کے مطابق زلزلے کے باعث ترک صوبہ احاطے میں قدرتی گیس پائپ لائن میں آگ بھڑک اٹھی، احتیاطی تدابیر کے طور پر احاطے میں قدرتی گیس کی فراہمی روک دی گئی ہے۔
تباہ کن زلزلے کے بعد امریکہ، برطانیہ ،روس، چین ، پاکستان آذربائیجان سمیت متعدد ممالک نے ترکیہ میں امدادی سامان بھیجنے اور امدادی کاموں کے لئے ریسکیو ٹیمیں بھیجنے کا اعلان کیا ہے ، آذر بائیجان نے ترکیہ کے میں 7.9کی شدت کے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں کے لئے فوری طور پر 370افراد پر مشتمل سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم ترکیہ روانہ کر دی ہے جبکہ امریکہ نے بھی زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں انفراسٹرکچر کی بحالی کے لئے امداد کا اعلان کیا ہے، آذربائیجان کی وزارت کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر الہام علی ایف نے ترکیہ میں آنے والے شدید زلزلے میں مددگار ہونے کے لیے امدادی ٹیم کو ترکیہ روانہ کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
دوسری جانب امریکا کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے کہا ہے کہ امریکا ترکیہ میں آنے والے زلزلے کے حوالے سے تمام ضروری مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے، امریکی صدرجو بائیڈن نے امریکی ایجنسی برائے بین الاقوامی ترقی اور دیگر وفاقی حکومت کے شراکت داروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ زلزلے سے سب سے زیادہ متاثر علاقوں کے لوگوں کی فوری امداد کریں،انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکہ ترک حکومت کے ساتھ صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور حالات کا جائزہ لے رہے ہیں۔