بھارت 75 سال سے کشمیر پر ناجائز قابض، ہم کشمیریوں کیساتھ ہیں،وزیراعظم

224

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہر سال 5 فروری کو پاکستانی عوام اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کیساتھ یکجہتی کا اعادہ کرتے ہیں، گزشتہ 75 سال سے بھارت نے جموں و کشمیر پر اپنا ناجائز قبضہ جاری رکھا ہوا ہے۔

 یوم یکجہتی کشمیر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اگست 2019 کے بھارتی غیر قانونی اقدامات کے بعد بدترین رخ اختیار کرچکی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی اور یک طرفہ اقدامات کو پاکستان اور کشمیریوں نے یکسر مسترد کر دیا، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پاکستان اور دنیا کے لیے شدید تشویش کا باعث ہے۔

 شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بھارتی اقدامات عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں، کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں، بھارتی وحشیانہ اقدامات کو عالمی فورمز پر اجاگر کرتے رہیں گے۔

 وزیراعظم نے مزید کہا کہ بھارت پاکستان، اقوام متحدہ اور کشمیری عوام کے ساتھ کیے گئے وعدوں کی پاسداری کرے۔