اسلام آباد:وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی ،اصلاحات وخصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کو درپیش معاشی بحران کے تناظر میں تمام سیاست دان پارٹی وابستگی سے بالاتر ہو کر بحرانوں سے نکلنے کے لیے ایک ٹیم کے طور پر کام کریں۔
احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان بدترین معاشی بحران سے گزر رہا ہے اس لیے یہ وقت آپس میں لڑنے کا نہیں بلکہ ملکی معیشت کو دنیا کی اعلی معیشتوں میں شامل کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کا ہے،پاکستان کا مستقبل نوجوانوں سے وابستہ ہے ،ملک کو سیاسی استحکام اور پالیسیوں کے تسلسل کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج پاکستان دنیا کی کم عمر ترین آبادی کے حامل ملکوں میں سے ایک ہے،اس کا زیادہ تر حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے جو ترقی یافتہ پاکستان کا مستقبل ہے، اگر ہم نوجوانوں میں سرمایہ کاری کرنے میں ناکام رہتے ہیں اور اگر وہ ایسے مواقع سے محروم رہتے ہیں تو مایوسی کا باعث بن سکتے ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ نوجوان بڑا ثاثہ ہیں، ہمیں انہیں ہنر اور طاقت دینا ہوگی، نوجوانوں کو بااختیار بنایا جائے جس کے لیے ہمیں اس ٹیکنالوجی کو اپنانا ہوگا، ینگ ڈویلپمنٹ فیلوز کا مقصد عوامی پالیسی کا تجربہ فراہم کرنا اور انہیں اس بارے میں بتانا ہے کہ حکومتی پالیسیاں کیسے وضع کی جاتی ہیں،40 نوجوان فیلوز وزارت منصوبہ بندی سے منسلک ہیں،وژن 2025 کے تحت ملک کو ٹاپ 20 معیشتوں میں شامل کرنے کے ہدف کے ساتھ سفر شروع کیا تھالیکن ہمارا سفر روک دیا گیا۔
انہوں نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس دنیا کے بہترین دماغ بھی ہیں لیکن اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ ہم پائیدار اور مستحکم جمہوری نظام قائم کرنے میں ناکام رہے، وہ ممالک جہاں پالیسیوں اور حکومتوں کا تسلسل ہے وہ قومیں کامیاب ہیں۔