کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے افغان مہاجرین کے کیمپوں میں سہولیات فراہم کرنے کی درخواست ابتدائی سماعت پر مسترد کردی، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ پاکستان عالمی یتیم خانہ نہیں کہ سب کو پناہ دی جائے۔
سندھ ہائیکورٹ میں افغان مہاجرین کے کیمپوں میں سہولیات فراہم کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی، درخواست گزار کے وکیل نے موقف دیا کہ افغان مہاجرین کو کیمپوں میں سہولیات دستیاب نہیں، افغان شہریوں سے قانون کے مطابق سلوک کرنے کے بجائے مقدمات قائم کیے جارہے ہیں۔
قانون کے مطابق ڈی پورٹ کیا جائے یا مناسب سہولتیں فراہم کی جائیں۔ لانڈھی جیل میں 3 افغان طبی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث انتقال کرگئے، کم عمر بچوں کو بھی قید کیا جارہا ہے اور جرمانے عائد کیے جارہے ہیں۔
افغان مہاجرین کی امداد کیلیے عالمی برادری سے امداد کا استعمال درست نہیں کیا جارہا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ پاکستان عالمی یتیم خانہ نہیں کہ سب کو پناہ دی جائے۔ عدالت نے درخواست ابتدائی سماعت پر مسترد کردی۔