لاہور: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ میں اپنے بیان پر قائم ہوں، آصف زرداری شوق سے میرے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ کریں۔
صوبائی دارالحکومت میں عمران خان نے سینئر صحافیوں سے ملاقات کی، علاوہ ازیں انہوں نے ویڈیو بیان بھی دیا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ میں آصف زرداری کے حوالے سے دیے گئے اپنے بیان پر قائم ہوں۔ وہ شوق سے میرے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہتک عزت کا دعویٰ تو وہ کرتے ہیں جن کی کوئی عزت ہو۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ اگر ہم پنجاب اور پختونخوا کی اسمبلیاں تحلیل نہ کرتے تو جنرل الیکشن نہیں ہونے تھے۔ صوبائی اسمبلیاں تحلیل کرنے سے حکومت بند گلی میں پھنس گئی ہے، یہی ہماری بہترین حکمت عملی تھی۔ حکومت نے اگر 90 دن میں الیکشن نہیں کروائے تو یہ آئین توڑنے کے مترادف ہوگا۔
عمران خان نے کہا کہ میں مکمل صحتیاب ہوکر الیکشن کی مہم شروع کروں گا۔ اتحادی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ جب سے یہ آئے ہیں خود امیر اور غریب مزید غریب ہوگیا ہے۔ زرداری یہ نہ سمجھیں کہ پیسہ ہے اور اس کے بعد آپ انجوائے کریں گے۔ 9 ماہ سے ایک ہی بات کررہا ہوں کہ ایک ہی حل ہے، آزاد اور شفاف الیکشن کرائے جائیں۔شفاف انتخابات ہوں تاکہ عوامی مینڈیٹ سے حکومت آئے اور بڑے فیصلے کرے۔