حکومت ہمیں پکڑنے کے بجائے دہشتگردوں کو پکڑے، پرویز الٰہی

438

لاہور:سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ حکومت ہمیں پکڑنے کے بجائے دہشتگردوں کو پکڑے، نگران حکومت اپنا مینڈیٹ بھول گئی، ان کا مینڈیٹ صاف اور شفاف الیکشن کروانا ہے،یہ کام ہی سارا غلط کر رہے ہیں، ہمیں اپنی عدلیہ پر پورا یقین ہے، ان کو عدالتوں سے سزا دلوائیں گے ۔

اپنے ایک بیان میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کسی کے گھر پر ریڈ نہیں کر رہی، وہ اپنے مخالفین کی دل آزاری نہیں کر رہے، آپ دیکھیں گے ان کے خلاف کس طرح سارا گجرات باہر نکلتا ہے، حکومت ہمیں پکڑنے کے بجائے دہشتگردوں کو پکڑے، یہ یہاں اپنی دشمنیاں نکالنے کے لئے موجود نہیں ہیں۔

سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ سمجھتے ہیں کہ ان کو سرخاب کے پر لگ گئے ہیں اور یہ پکڑے نہیں جائیں گے، ان کا بھی احتساب بہت جلد ہوگا، یہ کام ہی سارا غلط کر رہے ہیں، ہمیں اپنی عدلیہ پر پورا یقین ہے، ان کو عدالتوں سے سزا دلوائیں گے، یہ غیر قانونی حرکتیں کر رہے ہیں، ہم تمام ریکارڈ اکٹھا کر رہے ہیں، ساری وکلا تنظیمیں بھی ہمارے ساتھ کھڑی ہیں، یہ جو لوگوں کو تنگ کرتے ہیں، اب باری ان کی ہے۔

چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ ان کو الیکشن میں اپنی موت نظر آ رہی ہے، ہمارے ملازمین کو دھمکیاں دیتے رہے اور تلاشیاں لیتے رہے ہیں، جو ان کو چلانے والے حکمران ہیں اب ان کی باری ہے، یہ چھاپہ اس لئے مار رہے ہیں کہ یہ چاہتے ہیں ہم الیکشن نہ لڑیں، ہم لوگوں کے لئے کام کرنا نہیں چھوڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم کورٹ میں جائیں گے تو پھر ان کا دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوگا، ہمیں چھاپے سے پہلے کچھ نہیں بتایا گیا، ہم ان کو کٹہرے میں لائیں گے، ان کے خلاف قانونی و عدالتی کارروائی ہوگی