تاجروں کا اسلام آباد سے غیر قانونی مقیم افراد کو نکالنے کا مطالبہ

543

اسلام آباد: تاجر برادری نے وفاقی دارالحکومت میں غیر قانونی مقیم افراد کو شہر سے نکالنے کا مطالبہ کردیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق تاجر تنظیموں نے پشاور پولیس لائنز میں دہشت گردی کے واقعے کی بھر پور مذمت کرتے ہوئے اسلام آباد میں مقیم غیر ملکیوں کی سیکورٹی کلیئرنس کا مطالبہ کردیا۔

آل پاکستان انجمن تاجراں اور ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے صدر اجمل بلوچ، سیکرٹری و چیئرمین ٹریڈرز کمیٹی آئی سی سی آئی خالد چودھری و دیگر تاجر رہنماؤں نے مشترکہ بیان میں کہا ہے مساجد میں دہشت گردی کرنے والے کسی صورت میں مسلمان نہیں ہو سکتے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس لائنز حساس ترین علاقہ تصور کیا جاتا ہے، دہشت گردوں کی وہاں تک رسائی سیکورٹی اداروں کی کار کردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے مطالبہ کیا کہ دہشت گردی کے واقعے کی فوج سے انکوائری کرائیں اور دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو عبرت کا نشان بنائیں۔

انہوں نے شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے پسماندگان سے تعزیت کا اظہار کیا اور مزید کہا کہ اسلام آباد میں لاتعداد غیر ملکی رہائش پذیر ہوگئے ہیں۔ وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ ان کی سیکورٹی کلیئرنس کرائیں اور غیر قانونی مقیم افراد کو شہر سے باہر نکالیں۔

انہوں نے مارکیٹ عہدیداروں سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے علاقے میں غیر قانونی مقیم افراد کی نشاندہی کریں اور کاروبار کرنے والوں کی بھی لسٹ پولیس کو مہیا کریں۔