زرداری پر عمران خان کے قتل کی سازش کا الزام لگانے پر شیخ رشید تھانے طلب

528

اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے قتل کی سازش کا الزام آصف علی زرداری پر لگانے پر شیخ رشید کو تھانے طلب کرلیا گیا ہے۔

تھانہ آبپارہ میں شہری کی جانب سے مقدمہ درج کرنے کے لیے درخواست جمع کروائی گئی ہے، جس میں سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری پر عمران خان کے قتل کی سازش کا الزام لگانے کی شکایت کی گئی ہے۔

شہری نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے اپنے ایک انٹرویو میں سابق صدر آصف علی زرداری پر عمران خان کو قتل کرانے کی سازش کا الزام لگایا ہے۔ شیخ رشید نے ایک سازش کے تحت آصف زرداری پر یہ الزام لگایا ہے، جس سے سابق صدر اور ان کے خاندان کو مستقل خطرے میں ڈال دیا گیا ہے۔

شہری راجا عنایت کی جانب سے مقدمہ درج کرنے کے لیے دی گئی درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ الزام کے ذریعے سازش کرنے پر شیخ رشید سمیت دیگر کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے، جس پر پولیس نے شیخ رشید کو آج شام تھانے طلب کرلیا ہے۔