اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ شہریوں کا ناحق خون بہانے والوں کو عبرت کا نشان بنا دیں گے۔
پشاور میں خودکش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نماز کے دوران مسلمانوں کا قتل قرآنی تعلیمات کے یکسر منافی ہے۔ ایسے واقعات ثابت کرتے ہیں کہ دہشت گردوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد دفاع پاکستان کا فرض نبھانے والوں کو نشانہ بنا کر خوف پیدا کرنا چاہتے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف جنگ کرنے والوں کو صفحہ ہستی سے مٹا دیں گے۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پوری قوم اور ادارے یکسو اور متحد ہیں۔ قوم اپنے شہداکو سلام عقیدت پیش کرتی ہے۔ انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ شہریوں کا ناحق خون بہانے والوں کو عبرت کا نشان بنائیں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں امن وامان کی بگڑتی صورتحال پر جامع حکمت عملی اپنائیں گے۔ وفاق صوبوں کی انسداد دہشت گردی کی صلاحیت بڑھانے میں تعاون کرے گا۔
وزیراعظم نے وفاقی وزیر داخلہ کو ہدایت کی کہ صوبوں بالخصوص خیبرپختونخواکاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ(سی ٹی ڈی) کی صلاحیت بڑھانے میں مدد فراہم کریں۔ وزیراعظم نے پشاور میں پولیس لائنز کی مسجد میں خودکش دھماکے کے شہدا کے درجات کی بلندی، اہل خانہ کے لیے صبر اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔