پشاور دھماکا، اسلام آباد کے اہم ناکوں اور عمارتوں پر اسنائپرز تعینات

284

اسلام آباد:پشاور میں ہونے والے دھماکے کے بعد وفاقی دارالحکومت کے اہم ناکوں اور عمارتوں پر اسنائپرز تعینات کردیئے گئے ہیں جب کہ شہریوں کو دوران سفر اپنے شناختی دستاویزات ہمراہ رکھنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔ 

پشاور کی پولیس لائنز مسجد میں دھماکے کے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی سیکیورٹی ہائی الرٹ کرکے داخلی اور خارجی راستوں پر چیکنگ بڑھا دی گئی ہے۔ ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں، داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ بڑھا دی گئی ہے۔ 

ترجمان پولیس نے کہا ہے کہ سیف سٹی کے ذریعے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، اور شہر کے اہم ناکوں اورعمارتوں پر اسنائپرز تعینات کر دیئے گئے ہیں، کیپیٹل پولیس تھرمل امیجنگ کی صلاحیت سیلیس ہے۔ اسلام آباد پولیس نے ہدایت جاری کی ہے کہ شہری دوران سفر اپنے شناختی دستاویزات ہمراہ رکھیں، اور دوران چیکنگ پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔