شیخ رشید نے لال حویلی کے خلاف متروکہ وقف املاک کی کارروائی چیلنج کردی

422

راولپنڈی:عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے متروکہ وقف املاک کی جانب سے لال حویلی کیخلاف کارروائی چیلنج کردی۔ ہفتہ کو شیخ رشید نے راولپنڈی میں سول جج نوید اختر کی عدالت میں درخواست دائرکی۔شیخ رشید نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ لال حویلی اور ملحقہ اراضی کیس ابھی زیر سماعت ہے،  لال حویلی سے بے دخلی نوٹس اور کارروائی غیر قانونی ہے۔

انہوں نے درخواست میں کہا کہ متروکہ وقف املاک کی غیرقانونی کارروائی کیخلاف حکم امتناع دیا جائے۔ شیخ رشید کی درخواست پر بحث کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔واضح رہے کہ متروکہ وقف املاک نے لال حویلی کامبینہ قبضہ چھڑوانے کیلئے ضلعی انتظامیہ سے مدد مانگ لی، اس حوالے سے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر وقف املاک آصف خان نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کوخط لکھ دیا۔ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر وقف املاک آصف خان کا کہنا ہے کہ متروکہ وقف املاک لال حویلی کو  سیل کرنے جارہی ہے، لال حویلی سمیت 7 اراضی یونِٹس متروکہ وقف املاک کی ملکیت ہیں۔آصف خان نے کہاکہ لال حویلی کا قبضہ واگزار کرانے کیلئے ایف آئی اے اورپولیس کی مدد طلب کرلی گئی،شیخ رشید اور ان کے بھائی لال حویلی سے متعلق کوئی دستاویزات پیش نہیں کرسکے۔