فواد چوہدری کو پیش نہ کرنے پر لاہور ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر

443
contacts

لاہور:عدالتی حکم کے باوجود پاکستان تحریک انصاف کے گرفتار رہنما فواد چوہدری کوعدالت پیش نہ کرنے پرلاہورہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کردی گئی ہے۔درخواست میں آئی جی اسلام آباد اور آئی جی پنجاب سمیت 16 پولیس افسران کو فریق بنایا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پولیس افسروں نے عدالتی نظام کا مذاق اڑایا ساتھ ہی استدعا کی کہ عدالت ذمہ دار افسروں کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کرے۔

درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ 25 جنوری کو ہائی کورٹ نے فواد چوہدری کو عدالت پیش کرنے کے احکامات دیے تھے، اسلام آباد پولیس نے عدالتی احکامات کے باوجود انہیں عدالت میں پیش نہیں کیا، احکامات پر عمل نہ کرنا توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ متعلقہ حکام کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے، عدالت متعلقہ افسران اور حکام کو قرار واقعی سزا دینے کا حکم دے۔