معیشت کے قاتل کو گھر سے نکال کر جیل بھیجنے کا وقت آگیا ہے،مریم اورنگزیب

664
collapse

اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ فارن ایجنٹ خود گھر میں چھپا بیٹھا ہے اور عوام سے کہتا ہے کہ گھروں سے نکلیں ،وہ جھوٹا مظلوم بننے کی کوشش کر رہا ہے ،خوف اس وقت آنا چاہئے تھا جب قومی خزانے پر آپ ڈاکے ڈال رہے تھے ۔

جمعہ کو وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے عمران خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ فارن ایجنٹ جھوٹا مظلوم بننے کی کوشش کر رہا ہے ،90 روز میں کرپشن ختم کرنے، ایک لاکھ نوکری، پچاس لاکھ گھر دینے کی بڑھکیں کیا ہوئیں؟ ،معیشت کو آگ لگائی، مہنگائی کی تباہی پھیلائی اور آج معیشت کی بات کرتے ہوئے کچھ تو شرم آنی چاہئے ۔

انہوں نے کہا کہ خوف آپ کو اپنے جرائم سے آ رہا ہے آپ کو خوف اس وقت آنا چاہئے تھا جب قومی خزانے پر آپ ڈاکے ڈال رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ خوف اس وقت آنا چاہئے تھا جب توشہ خانہ اور سرکاری عہدوں کی لوٹ سیل لگی ہوئی تھی ،خوف اس وقت آنا چاہئے تھا جب بشری اور فرح پنجاب اور ملک کا ہر عہدہ رشوت لے کر بیچ رہی تھیں ۔

انہوں نے کہا کہ آپ کو شوکت خانم ہسپتال کے 30 لاکھ ڈالر نجی کاروبار میں لگاتے خوف نہ آیا ،یہ بتائیں 2018 میں ڈالر کتنے کا تھا؟ آٹا چینی کی قیمت کیا تھی؟ پٹرول اور فی یونٹ بجلی کی قیمت کیا تھی؟ ۔

انہوں نے کہا کہ فارن ایجنٹ خود گھر میں چھپا بیٹھا ہے اور عوام سے کہتا ہے کہ گھروں سے نکلیں ،فارن ایجنٹ کو پتہ ہے کہ گھر سے نکلا تو جھوٹ بولنے کی “آزادی” ختم ہو جائے گی،فارن ایجنٹ کا ہر جھوٹ بے نقاب ہوچکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ معیشت کے قاتل اور عوام کے مجرم کو گھر سے نکال کر جیل بھیجنے کا وقت آگیا ہے۔