شیخ رشید سے لال حویلی واگزار کروانے کیلیے پولیس کی مدد طلب

656

راولپنڈی: متروکہ وقف املاک نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ وسابق وزیرداخلہ شیخ رشید احمد کی رہائش گاہ لال حویلی کو30جنوری بروز پیر صبح 9بجے واگزارکروانے کے لیے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی سے پولیس کی مدد مانگ لی۔

متروکہ وقف املاک نے موقف اختیارکیا کہ لال حویلی ادارہ کی ملکیت ہے ،جس پرغیرقانونی قبضہ کیاگیا،آپریشن کے دوران کسی بھی سیاسی مداخلت اورخرابی سے بچنے کے لیے پولیس کی مدد درکار ہوگی۔

اطلاعات کے مطابق متروکہ وقف املاک کے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر کی جانب سے ڈپٹی کمشنر،راولپنڈی کوایک تحریری درخواست دی گئی ،جس میں موقف اختیارکیاگیاکہ راجہ بازاربوہڑ بازارمیں،158 D اور D 329 میں موجود پراپرٹی (لال حویلی )متروکہ وقف املاک کی مالکیت ہے ، جس پرضلع راولپنڈی کے مختلف افراد کاناجائز قبضہ ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی قسم کی سیاسی مداخلت اور خرابی سے بچنے کے لیے ڈپٹی سپریٹنڈنٹ کی سربراہی میں ریزرو پولیس فورس فراہم کی جائے،تاکہ 30جنوری بروزپیر صبح 9بجے پراپرٹی کوواگزار کروایاجاسکے اورسپریم کورٹ آف پاکستان کو بازیابی سے متعلق مثبت رپورٹ پیش کی جاسکے۔