اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کو معاشی دلدل سے نکالنے کے لئے ایکسپورٹ ایمرجنسی کی ضرورت ہے.
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ایکسپورٹ شعبہ کی ترقی میں ہمارے معاشی مسائل کا حل ہے، انڈسٹری کے مسائل کو حل کرنے کے لئے پورا کردار ادا کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو ملک کے ٹاپ ایکسپورٹرز کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا۔
میڈیا ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر کا کہناتھاکہ ہم نے ڈالر کھپانے میں ترقی کی مگر کمانے میں ترقی نہیں کر سکے ، وژن 2010 اور وژن 2025 کے ذریعہ معاشی ڈھانچے کو بدلنے کی کوشش کی، ہر بار سیاسی عدم استحکام نے ترقی کے پلان کو کریش کر دیا۔
وفاقی وزیر کاکہنا تھا کہ برآمدات اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لئے انڈسٹری کے ساتھ کھڑے ہوں گے ، ہمارے مستقبل کا انحصار اس پر ہے کہ 32 ارب ڈالر سے 100ارب ڈالر برآمدات کتنے سال میں ہوں گی۔ انڈسٹری کو عالمی مسابقت کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں مدد دیں گے، چین کی 2 کھرب ڈالر کی درآمد میں ہمارا حصہ فقط 3 ارب ڈالر ہے ، چین کی مارکیٹ پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔