200 کا ڈالر دینے والے ارسطو نے ڈالر 250 کا کرنے کی اجازت دیدی،شیخ رشید

312

راولپنڈی: سربراہ پاکستان عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ 200 کا ڈالر دینے والے ارسطو اسحاق ڈار نے 250 کا ڈالر کرنے کی اجازت دیدی ہے، ایل سی کھل نہیں رہی، بینکوں میں بھونچال ہے، لوگ دھکے کھا رہے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ سب ڈرامے ایک نااہل حکومت کو مسلط رکھنے کے لیے کئے جا رہے ہیں، فوری الیکشن نہ ہوئے تو قحط زدہ قوم کے غضب کے آگے کوئی نہیں کھڑا ہو سکے گا، رہے گا نام اللہ کا اور راج کرے گی خلقِ خدا۔

انہوں نے کہا کہ جو ضمیر برائے فروخت کے نام سے حکمران بنائے گئے تھے انہوں نے ملک برائے فروخت کے بورڈ لگا دیئے، گرفتاریاں، جیلیں اور مقدمات حکومت کو کوئی فائدہ نہیں پہنچا سکتے۔ سابق وزیر کا مزید کہنا تھا کہ اگر کچھ دن گزارنے ہیں تو معیشت ٹھیک کرنی ہوگی، آئی ایم ایف کا مسئلہ کھٹائی میں ہے، صوبائی الیکشن 90 دن میں نہ کرانا خطرے کی گھنٹی ہے۔