سیالکوٹ:امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ دو صوبوں میں انتخابات کی بجائے پورے ملک میں بیک وقت الیکشن ہونے چاہییں اور اس کے لیے قومی سیاسی جماعتوں کو بات چیت کا آغاز کرنا چاہیے، نگران سیٹ اپ مرکز اور صوبوں میں تشکیل دیا جائے۔
سراج الحق نے کہاکہ پی ڈی ایم، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی نے مل کر ملک کی معیشت، سیاست اور ادارے تباہ کیے۔ 15 جماعتوں کی وفاقی و صوبائی حکومتوں نے عوام کو مہنگائی، بے روزگاری دی، کرپشن عام کی اور سیاست میں گالم گلوچ کا کلچر متعارف کروایا۔
انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی ملک کی واحد جماعت ہے جو اس وقت اپوزیشن کا کردار ادا کر رہی ہے اور خیبر سے کراچی تک عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے، باقی سبھی جماعتیں اقتدار کے مزے لے رہی ہیں۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ ہماری جدوجہد ملک میں اسلامی نظام کے لیے ہے، ہم کرپشن کے خاتمہ اور سودی نظام کے خلاف لڑائی لڑ رہے ہیں، عوام اسلامی فلاحی پاکستان کی منزل کے حصول کے لیے آزمائی ہوئی پارٹیوں کی بجائے جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئندہ الیکشن کو شفاف بنانا ہوگا تاکہ کسی فریق کو اعتراض نہ ہو، انتخابات میں اداروں کو غیر جانبدار رہنا ہوگا، دولت کے زور پر الیکشن لڑنے کی روایات کا خاتمہ ضروری ہے، الیکشن کمیشن کو مالی اور انتظامی لحاظ سے مضبوط ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اسٹیٹس کی محافظ جماعتیں شفاف انتخابات چاہتی ہیں نہ پائیدار جمہوریت، استعمار کے وفادار ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی اور احتساب کے مخالف ہیں، حکمرانوں کا عوام کو محروم، مجبور رکھنے پر اتفاق ہے۔ قوم کو اپنے حقوق کے لیے کھڑا ہونا ہوگا، قوم نے ہی فیصلہ کرنا ہے اور اب فیصلے کا وقت قریب آگیا ہے۔