امریکہ، فائرنگ سے ایک چینی شہری کے ہلاک ہونے کی تصدیق

308

لاس اینجلس:لاس اینجلس میں چینی قونصل خانے نے تصدیق کی ہے کہ لاس اینجلس سے 16 کلومیٹر مشرق میں مونٹیری پارک شہر میں ہفتے کی رات پیش آنے والے فائرنگ کے واقعہ میں ایک چینی شہری ہلاک ہوا ہے۔

یہ مہلک واقعہ رات 10 بج کر 22 منٹ پر ایک ڈانس کلب کے سٹار بال روم ڈانس اسٹوڈیو میں چینی قمری نئے سال کے کانٹ ڈان کا جشن منانے کے لئے منعقدہ ایک تقریب کے وقت پیش آ یا۔ یہ ڈانس کلب 30 برس سے خدمات انجام دے رہا ہے۔حکام کے مطابق فائرنگ کے اس واقعے میں پیر تک مرنے والوں کی تعداد 11 ہوچکی تھی جبکہ 9 افراد زخمی ہوئے، تمام متاثرین کی عمریں 50 برس سے زائد تھیں۔

قونصل خانے کے ترجمان نے اپنی سرکاری ویب سائٹ پر جاری ایک بیان میں کہا کہ اس بات کی تصدیق ہوچکی ہے کہ اس واقعے میں بدقسمتی سے ایک چینی شہری ہلاک ہوا ہے۔ ہم متعلقہ مقامی محکموں اور امریکہ سے مل کر کام کر رہے ہیں تاکہ اس کے بعد کے حالات سے نمٹا جاسکے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ رواں سال یہ امریکہ میں ہونے والی فائرنگ کا سب سے زیادہ مہلک واقعہ ہے جو چینی قمری نئے سال کے تہوار کے دوران اور مقامی چینی کمیونٹی میں پیش آیا۔

قونصل خانے نے مونٹیری پارک سمیت مقامی چینی کمیونٹی سے بھی اظہارتعزیت کیا اور مقامی چینی شہریوں کو یاد دہانی کرائی کہ وہ حفاظتی اقدامات سے آگاہ رہیں۔لاس اینجلس کے مشرقی کنارے پر واقع مونٹیری پارک کی آبادی 61 ہزار افراد پر مشتمل ہے، یہاں کی اکثریت ایشیائی امریکی افراد پر مشتمل ہے۔امریکہ میں چینی سفارت خانے اور قونصل خانوں نے سانحہ کے متاثرین کی یاد میں پیر کے روز پرچم سرنگوں رکھا۔