کراچی: ایرانی بحری جہازوں اور آبدوز نے کراچی بندرگاہ کا دورہ کیا اور پاک بحریہ کے ساتھ بحری مشق میں شرکت کی۔
کراچی بندرگاہ آمد پر پاک بحریہ کے اعلی حکام اور ایران کے سفارتی عملے نے جہازوں اور آبدوز کا استقبال کیا اور اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانوں کی دھنیں بھی بجائی گئیں۔
ایرانی بحریہ کا پاکستان کا حالیہ دورہ خطے میں بحری راہداریوں اورجہاز رانوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے علاقائی استحکام اور میری ٹائم سیکیورٹی کی مشترکہ کاوشوں کا مظہر ہے۔
بندرگاہ پر قیام کے دوران دونوں بحری افواج کے وفودکے مابین باہمی طور پرمفید پیشہ ورانہ ملاقاتیں، باہمی دلچسپی کے امور پرمباحثے اور دورے منعقد کیے گئے۔ دورے کے اختتام پر دونوںبحری افواج کے مابین بحری تعاون کے فروغ کے لئے بحری مشق کا انعقاد بھی کیا گیا۔
ایرانی بحریہ کے جہازوں کا دورہِ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان مضبوط دوطرفہ تعلقات اور علاقائی امن کے عزم کا مظہر ہے ۔