نگران وزیراعلیٰ کی نامزدگی کیلئے اپوزیشن کا رویہ غیر سنجیدہ ہے،  چودھری پرویز الٰہی

359

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ نگران وزیراعلیٰ کی نامزدگی کیلئے اپوزیشن کا رویہ غیر سنجیدہ ہے، اپوزیشن نے ایک بار پھر نگران وزیراعلیٰ کی نامزدگی کے حوالے سے معاملات کو متنازعہ بنایا ہے۔

چوہدری پرویز الہی  کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا مشاورتی اجلاس منعقد ہوا جس میں سپیکرپنجاب اسمبلی محمد سبطین خان ،سینیٹر شبلی فراز،راجہ بشارت،ہاشم جواں بخت اورمیاں اسلم اقبال نے اجلاس میں شرکت کی۔

 اجلاس میں نگران وزیراعلیٰ کی نامزدگی کے حوالے سے مشاورت اور سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ نگران وزیراعلیٰ کے لئے قائم کمیٹی نے اپوزیشن کے عدم تعاون کے حوالے سے آگاہ کیا۔

 وزیراعلیٰ  پنجاب نے کہا کہ اپوزیشن کا رویہ ناقابل فہم اورسیاسی ناپختگی کے مترادف ہے، نگران وزیراعلیٰ کی نامزدگی پر سیاست کرنے والوں کوشرم آنی چاہیئے، ہم نے کھلے دل سے نگران وزیراعلیٰ کیلئے بہترین شخصیات کے نام دیئے اور قوم دیکھ رہی ہے کہ نگران وزیراعلیٰ کے معاملے کو بلاوجہ کون طول دے رہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہماری کمیٹی کے ممبران راجہ بشارت،میاں اسلم اقبال اورہاشم جواں بخت سینئر سیاستدان ہیں اورسنجیدگی سے مذاکرات چاہتے ہیں مگر افسوس کی بات ہے کہ اپوزیشن نے ہمارے اچھے رویے کے باوجودمنفی طرز عمل اپنایا۔