کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادیں محض کاغذی رہ جاتی ہیں، بلاول

371

ڈیووس: وزیر خارجہ بلاول زرداری نے کہا ہے کہ یوکرین کے معاملے پر اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کیا جاتا ہے مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ مغرب کے لیے کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادیں محض کاغذی رہ جاتی ہیں۔

بلاول زرداری نے کہا کہ یوکرین روس معاملے پر پاکستان اپنے موقف پر قائم ہے، پاکستان اس تنازعے کے حل کا خواہاں ہے کیوں کہ روس یوکرین جنگ کے دنیا پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں، روس اور یوکرین جنگ سے انسانی بحران نے جنم لیا۔

انہوں نے کہا کہ روس اور یوکرین جنگ سے ہزاروں لوگ عارضی طور پر بے گھرہوئے ، اس جنگ سے خطے میں امن کو نقصان پہنچا، پاکستان خود خطے میں امن کے قیام کے لیے کردار ادا کر رہا ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کردار واضح ہے اور پاکستان کا موقف ہے جنگوں سے غربت، افلاس اور بے روزگاری کے سوا کچھ نہیں ملا۔

بلاول نے کہا کہ روس یوکرین جنگ کی وجہ سے گیس کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، پاکستان کی خواہش ہے یوکرین اور روس مذاکرات سے معاملہ حل کریں اور ممالک کے درمیان ہر متنازع معاملہ یو این قرارداد کے مطابق حل ہونا چاہیے۔