ق لیگ صدارت کیس: پرویز الٰہی گروپ کی الیکشن کمیشن سے جلد فیصلے کی اپیل

533
No difference

لاہور: مسلم لیگ ق کی صدارت کے کیس میں پارٹی کے پرویز الٰہی گروپ نے الیکشن کمیشن سے جلدی فیصلہ کرنے کی اپیل کردی۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین کے معاملے پر پارٹی کے پرویز الٰہی گروپ کے وکیل الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اور پارٹی صدارت کے کیس کا فیصلہ جلد سنانے کی اپیل کردی۔

وکیل عامر سعید راں کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے پارٹی صدارت سے متعلق کیس کے فیصلے کے بعد ہی پارٹی ٹکٹ جاری رو سکیں گے۔ انہوں نے درخواست کی کہ صوبے میں انتخابات قریب ہیں، لہٰذا پارٹی صدارت کا فیصلہ جلد سنایا جائے۔

ق لیگ کے وکیل کی الیکشن کمیشن میں پیش ہونے کے موقع پر پرویزالٰہی کے پی ٹی آئی میں شمولیت کے بیان کا ذکر بھی ہوا، جس پر ممبر پختونخوا نے کہا کہ ہم نے تو ٹی وی پر کچھ اور ہی دیکھا تھا جس پر وکیل نے جواب دیا کہ سب کچھ الیکشن کمیشن کے فیصلے سے مشروط ہے۔ ممبر کے پی نے استفسار کیا کہ کیا جلد فیصلہ سنانے کے لیے تحریری درخواست دی ہے؟، جس پر وکیل نے بتایا کہ تحریری درخواست دائر کیے ہوئے بھی4 ماہ گزر چکے ہیں۔

ارکان الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ ق پرویز الٰہی گروپ کے وکیل کو جواب دیا کہ ق لیگ پارٹی صدارت کیس کا فیصلہ جلد سنانے کی کوشش کریں گے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے 18 اگست کو چودھری شجاعت پارٹی صدارت کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا۔