لاہور: ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے گزشتہ 15روز میں کوڑے کے غیر قانونی پھیلائو اور آگ لگانے کے جرم میں 1ہزار 421چالان کیے گئے جبکہ 14ایف آئی آر درج کروا دی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق سی ای او علی عنان قمر کی ہدایات پر ایل ڈبلیو ایم سی انفورسمنٹ ونگ کا شہر بھر میں کریک ڈائون جاری ہے ۔
گزشتہ 15 روز میں کی گئی کاروائیوں بارے رپورٹ جاری کر دی گئی جس کے مطابق گزشتہ دو ہفتوں میں 7ہزار 500سے زائد مقامات کی انسپکشن کی گئی۔
علی عنان قمر نے بتایا کہ کوڑے کے غیر قانونی پھیلائو اور آگ لگانے کے جرم میں 14 ایف آئی آر بھی درج کروائی گئیں جبکہ کوڑے کو آگ لگانے اور سڑکوں پر کوڑا پھینکنے پر 1 ہزار 421 چالان کیے گئے۔
گزشتہ 15دنوں میں لوکل گورنمنٹ ایکٹ کی خلاف ورزی پر 26لاکھ 66ہزار کے جرمانے کئے گئے، معمولی خلاف ورزیوں پر 2ہزار 400سے زائد وارننگ نوٹسز بھی جاری کیے گئے۔
سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی نے کہا کہ انفورسمنٹ ٹیمیں کوڑے کو آگ لگانے، اور غیر قانونی ڈمپنگ کے خلاف شہر بھر میں متحرک ہیں، غیر قانونی ڈمپنگ اور سڑکوں پر کوڑا پھینکنے والوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔دوکاندار حضرات مارکیٹس اور سینٹر ڈیوائیڈرز پر کوڑا پھینکنے سے اجتناب کریں۔