سید ابوالاعلی مودودی بیٹی اسما ء خاتون کا انتقال ہو گیا

1059

لاہور:جماعت اسلامی کے بانی مفکر اسلام سید ابوالاعلی مودودی مرحوم کی دوسری بیٹی محترمہ اسما ء خاتون  78 برس کی عمر میں وفات پا گئی ہیں ۔انا للہ و انا الیہ راجعون . وہ تقریبا  30برس سے بیوہ تھیں، ان کی کوئی اولاد بھی نہیں تھی۔

محترمہ اسما ء خاتون نے سرطان جیسے موزی مرض کا مقابلہ کیا تاہم دو  روز قبل وہ نمونیہ کا شکار ہوگئیں تھیں۔ ہفتے کومحترمہ اسما ء خاتون نے پانچوں نمازیں ادا کیں مگر  اتوار کی شام کو ان کی طبعیت زیادہ خراب ہوگئی  اور وہ اللہ کے حضور پیش ہوگئیں۔

 محترمہ اسما ء خاتون بہت نیک سیرت خاتوں تھیں۔سخاوت کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی تھیں۔ انہوں نے لاہور میں اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے مرکزی دفتر اورمولانا مودودی مرحوم کے گھر کے قریب ایک قطعہ اراضی لے کرمسجد بھی تعمیر کرائی تھی۔

محترمہ اسما ء خاتون کا جنازہ پیر کے روزمولانا مودودی مرحوم کے بڑے بیٹے سید عمر فاروق مودودی کی رہائش گاہ ماڈل ٹاون لاہور سے ، ظہر کے وقت اٹھایا جائے گا، جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق،نائب امیر  لیاقت بلوچ ، سیکرٹری جنرل امیر العظیم ،جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان اور دوسرے رہنماوں نے سید ابوالاعلی مودودی مرحوم کی دوسری بیٹی محترمہ اسما ء خاتون کی وفات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔

جماعت اسلامی کے رہنماوں نے کہا ہے کہ مرحومہ نیک سیرت  خاتون تھیں ان کی پوری زندگی   دینی کاموں میں گزری ہے ۔ اللہ ان کی مغفرت فرمائے۔ آمین