لندن:برطانیہ نے ایران میں برطانوی نژاد ایرانی شہری علی رضا اکبری کی پھانسی کو وحشیانہ فعل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام کسی سزا کے بغیر نہیں رہے گا۔
مذید پڑھیں: ایران کے سابق نائب وزیر دفاع کو پھانسی دے دی گئی
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق برطانوی وزیراعظم رشی سوناک نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹرپراپنے پیغام میں کہا کہ میں ایران میں برطانوی نژاد شہری علی رضا اکبری کی پھانسی پر صدمے میں ہوں۔انھوں نے کہا کہ یہ ایک وحشیانہ اور بزدلانہ عمل تھا جسے ایک وحشی حکومت نے انجام دیا۔
اس نے اپنے ہی لوگوں کے انسانی حقوق کا کوئی احترام نہیں کیا۔برطانوی وزیر خارجہ جیمز کلیورلی نے بھی ٹویٹ کیا کہ اس وحشیانہ فعل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی جانی چاہیے۔
یہ عمل چیلنج کیے بغیر نہیں رہے گا۔دریں اثنا امریکا نے بھی ایران میں برطانوی نژاد علی رضا اکبری کی پھانسی کی مذمت کی ۔لندن میں تعینات امریکی سفیر نے اکبری کو تختہ دار پرلٹکانے کی مذمت کرتے ہوئے اسے خوف ناک قراردیا ہے۔
امریکی سفیرجین ہارٹلے نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹرپراپنے پیغام میں کہا کہ ایران میں علی رضا اکبری کی پھانسی خوف ناک اور افسوس ناک ہے۔