عمران کی 4 سال معاشی تباہی کو ریورس کرنے میں تھوڑا وقت درکار ہے،علی ڈار

482

لندن:وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کے صاحبزادے علی ڈار نے کہا ہے کہ میری زندگی کا یہ مشاہدہ ہے کہ میرے والدِ محترم اسحاق دار نے آج تک جو بھی ذمہ داری سنبھالی اس میں انتھک محنت اور نیک نیتی کی بدولت ہمیشہ اللہ تعالی کی خاص مدد آئی اور الحمدللہ وہ کامیاب ہوئے۔

ان خیالات کااظہار علی ڈار نے ٹوئٹر پرجاری اپنے بیان میں کیا ہےکہ پھر چاہے وہ ایٹمی دھماکوں کے بعد بین الاقوامی پابندیوں کے باوجودپاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچانا ہو یا 2013 سے 2017 کے دوران پاکستانی معیشت کو بے مثال عروج پر لے جانا ہو جس کی گواہی پوری دنیا نے دی۔

ان کا کہنا تھا ہ  اس دور میں انہوں نے ملکی تاریخ میں پہلی بار آئی ایم ایف پروگرام مکمل کیا، جی ڈی پی گروتھ ریٹ5.8 فیصد تک لے کر گئے، ٹیکس آمدن دوگنی کی، مہنگائی کی شرح، شرح سوداور ایکسپورٹ ریفائنینس ریٹ کو دہائیوں میں کم ترین سطح پر لے کر آئے، پاکستان کوفنانشل ایکش ٹاسک فورس( فیٹف) کی بلیک لسٹ سے پہلے گرے میں اور پھر وائٹ میں لائے، پاکستانی سٹاک ایکسچینج کو ایشیا کا نمبر 1 اور دنیا کا نمبر 5 بہترین پرفارمنس والا ایکسچینج بنا ڈالا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کی قیادت میں محصول چونگی و ضلع ٹیکس کے نام پر غنڈہ ٹیکس ختم کرنا، بیوائوں کے قرضے معاف کرنا، وی وی آئی پی گاڑیوں کی ٹیکس فری امپورٹ پر پابندی لگانے کا سہرا بھی الحمدللہ ڈار صاحب ہی کے سر جاتا ہے۔

علی ڈار کا کہنا تھا کہ ہمیشہ کی طرح اس بار بھی اللہ تعالی ڈار صاحب کی محنت کا پھل وطنِ عزیز کو ضرور دیں گے۔عمران خان کی 4 سال معاشی تباہی کو ریورس کرنے میں تھوڑا وقت ضرور درکار ہے مگر کامیابی اس قوم کا مقدر ہے ان شاء اللہ۔ ڈار صاحب کی روزانہ کی بنیاد پر 20-20 گھنٹے کی محنت کا انعام اللہ رب العزت ہمیں ضرور دیں گے۔ پاکستان زندہ باد۔