کراچی: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جانے والا سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ دلچسپ مقابلے کے بعد بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا۔
نیشنل بینک کرکٹ ارینا (نیشنل اسٹیڈیم کراچی) میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ کے آخری روز پاکستان نے 319 رنز کے تعاقب میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 304 رنز بنالیے تھے جبکہ کیویز کو فتح کے لیے صرف ایک وکٹ درکار تھی جب امپائروں کی جانب سے خراب روشنی کے سبب میچ روک دیا گیا۔
قومی ٹیم میں کم بیک کرنے والے وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد میچ کے اور سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز پاکستان نے صفر پر 2 کھلاڑیوں کے آؤٹ سے اننگز کا آغاز کیا تو امام الحق اور شان مسعود 35 رنز کی پارٹنرشپ قائم کرسکے اور 12 کے انفرادی اسکور پر امام بھی سودھی کا شکار ہوگئے۔
کپتان بابراعظم 27، شان مسعود 35، آغا سلمان 30، حسن علی 5 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ سرفراز احمد اور سعود شکیل نے 123 رنز کی پارٹنرشپ قائم کرکے ٹیم کو سہارا دیا تاہم سعود شکیل 32 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ سرفراز نے شان دار بیٹنگ کرتے ہوئے 118 رنز اسکور کیے۔
نسیم شاہ نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے 15 رنز بنائے جب کہ ابرار احمد نے 7 رنز اسکور کیے۔ دونوں ناٹ آؤٹ رہے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے مائیکل پریسویل نے 4 جبکہ اِش سودھی نے 2، ٹم ساؤتھی نے بھی 2 اور میٹ ہنری نے ایک وکٹ حاصل کی۔