امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ گوادر کے لوگوں کو دیوار سے لگانے کے بجائے گلے سے لگایا جائے۔
منصورہ میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں احساس محرومی کا لاوا پھٹنے کو ہے، عوام کو ان کا حق دیا جائے۔حکمرانوں میں کوئی ایسا نہیں جو خود کو احتساب کے لیے پیش کرے۔ صرف جماعت اسلامی ہی اپنے آپ کو احتساب کے لیے پیش کر سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کا خزانہ خالی لیکن ایک دوسرے کی رسوائی کے لیے بہت مواد ہے۔ ملک کو بچانا ہے تو کشکول مشن اور رسوائی مشن چھوڑنا ہو گا۔ ملک میں خوشحالی کے لیے اب حل صرف جماعت اسلامی ہے۔ قرآن و سنت کا قانون آئے گا تو امن اور ترقی آئے گی۔
سراج الحق نے کہا کہ ملک اقتصادی بدحالی اور بےامنی کی لپیٹ میں ہے۔ صورت حال اسی طرح تشویشناک رہی تو خدانخواستہ کوئی بڑا سانحہ ہو سکتا ہے۔ پاکستان کی ایٹمی صلاحیت بڑی طاقتوں کو کھٹکتی ہے، جو ملک میں سری لنکا اور یوکرائن جیسی صورت حال پیدا کرنا چاہتی ہیں۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ حکمرانوں نے ملک کو معاشی، سیاسی اور سماجی بحران سے دوچار کیا۔ عوام مہنگائی سے بلبلا رہے ہیں جب کہ حکمرانوں کو اپنی عیاشیوں سے فرصت نہیں۔ دس بڑوں کا احتساب ہو جائے تو سب جیلوں میں جائیں گے۔