اسلام آباد:وزیر اعظم میاں محمد شہبازشریف نے برآمدات میں کمی کا نوٹس لیتے ہوئے وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر کی سربراہی میںچھ رکنی کمیٹی بنادی ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے درآمدات میں اضافہ کے لئے کمیٹی سے 14روز میں سفارشات طلب کر لی ہیں۔
کمیٹی میں نجی شعبہ سے بھی ارکان کو شامل کیا گیا۔ کمیٹی سفارشات کی روشنی میں برآمدات بڑھانے کے حوالے سے وزیر اعظم فیصلہ کریں گے۔
کمیٹی میں گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری تجارت ، چیئرمین نشاط چونیاں، شہزاد سلیم اورسی ای اوانٹرلک مصدق ذولقرنین کو شامل کیا گیا ۔
واضح رہے کہ رواں مالی سال جولائی سے دسمبر کے دوران برآمدات میں 5.79فیصد کمی ہوئی جبکہ دسمبر میں سالانہ بنیادوں پر 16.64فیصد کمی ہوئی اورماہانہ بنیادوں پر دسمبر میں 3.64فیصد کمی ہوئی ۔
حکومتی ذرائع کے مطابق حکومت کو تجارتی خسارے پر قابو پانے میں مدد ملی ہے تاہم برآمدات میں اضافہ نہیں ہو پارا۔ رواں ماہ ہی حکومت کی جانب سے برآمدات بڑھانے کے حوالہ سے اہم فیصلے متوقع ہیں۔