ای سی سی نے مزید ڈھائی لاکھ ٹن چینی برآمدگی کی منظوری دیدی

761

اسلام آباد: کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے شوگر ایڈوائزری بورڈ کی سفارش پر مزید ڈھائی لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دے دی۔

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ چینی برآمد کرنے کی اجازت کے تحت برآمدی چینی کی کل مقدار صوبوں کے درمیان ان کی نصب شدہ کرشنگ صلاحیت کی بنیاد پر تقسیم کی جائے گی جس کا تعین پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کرے گا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایل سی کھلنے کے 60 دن کے اندر برآمدات سے حاصل ہونے والی رقم ڈالر میں وصول کی جائے گی۔ علاوہ ازیں اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کو ڈیفالٹ سے بچانے کے لیے بجٹ میں پٹرولیم ڈویژن کے لیے پٹرولیم سبسڈی کی مد میں مختص کردہ 10 ارب روپے پاکستان اسٹیٹ آئل کو جاری کرنے، پی ایس او کو 50 ارب روپے تک کی بینک فنانسنگ کے لیے حکومتی گارنٹی کی منظوری دیدی۔

کمیٹی نے درآمدی یوریا کی قیمت متعین کرنے کی سمری موخر کرتے ہوئے  31 جنوری 2023 تک آر ایل این جی کی فراہمی روک دی۔ علاوہ ازیں کمیٹی نے افغانستان میں قائم 3 پاکستانی اسپتالوں کے اخراجات کے لیے کابینہ کی منظور کردہ ایک ارب روپے سے زائد کی رقم 4 قسطوں میں فراہم کرنے کی بھی منظوری دیدی۔