گذشتہ 15 ہفتوں میں کووڈ-19 سے ایک بھی موت نہ ہونا خوش آئند ہے، وزیراعظم

323

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں پچھلے 15 ہفتوں میں کووڈ-19 سے ایک بھی موت نہ ہونا خوش آئند امر ہے،پانچ سے بارہ سال کے بچوں کی 100 فیصد ویکسینیشن کو ہنگامی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے۔

وزیر اعظم کی زیرِ صدارت ملک میں کووڈ-19 کی صورتحال پر جائزہ اجلاس ہوا ، جس میں شرکاء کو خطے سمیت پوری دنیا اور پاکستان میں اس وقت کووڈ کی صورتحال، کووڈ کی نئی اقسام، ان کی روک تھام کیلئے کئے گئے اقدامات اور ویکسینیشن کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ کووڈ کی نئی قسم سے پاکستان کو بظاہر کوئی خطرہ نہیں کیونکہ پاکستان کی 90 فیصد آبادی مکمل طور پر اور 95 فیصد آبادی جزوی طور پر ویکسینیٹڈ ہے. 5 سے 12 سال کے تین کروڑ 50 لاکھ بچوں میں ویکسینیشن کی شرح 25 فیصد ہے جبکہ اس کو آئندہ مہینوں میں 100 فیصد کر دیا جائے گا۔

شہباز شریف نے کہاکہ پاکستان کی سرحدوں اور ہوائی اڈوں پر آمدورفت پر اسکریننگ کو مزید مؤثر بنایا جائے،سرحدوں اور ہوائی اڈوں پر سکریننگ کے نظام کی تھرڈ پارٹی جانچ پڑتال کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔