اسلام آباد: یوٹیلٹی اسٹورز پر وزیراعظم پیکیج کے تحت چینی، آٹا اور گھی سمیت مختلف اشیا کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق یوٹیلٹی اسٹورز پر چینی فی کلو 19 روپے مہنگی کردی گئی جب کہ گھی کی فی کلو قیمت میں 75 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 496 روپے مہنگا ہوگیا۔
یوٹیلٹی اسٹورز پر وزیراعظم پیکیج کے تحت اشیا کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق یکم جنوری 2023ء سے ہوگا۔
قیمتوں میں اضافے کا اطلاق بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مستحقین پر نہیں ہوگا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم پیکیج کے تحت یوٹیلٹی اسٹورز پر ٹارگٹڈ سبسڈی کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ بی آئی ایس پی میں رجسٹرڈ صارفین کے لیے قیمتوں میں ریلیف برقرار رہے گا۔