ایرانی صدر کا حکومت مخالف مظاہرین سے نرمی نہ برتنے کا اعلان

467

تہران:ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے حکومت مخالف مظاہرین سے نرمی نہ برتنے کا اعلان کیا ہے۔

 ایران میں حجاب قانون کی خلاف ورزی پر گرفتار 22 سالہ مہاسا امینی کی مبینہ تشدد سے ہلاکت کے خلاف مظاہرے 3 ماہ سے زائد عرصے سے جاری ہیں۔

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا کہنا ہے کہ ایران وطن دشمن مخالفین کے ساتھ کوئی رحم نہیں برتے گا، ایرانی قوم کا دل سب کے لیے کھلا ہے لیکن دشمن پر بالکل رحم نہیں کیا جائے گا، دشمن افواہیں پھیلا کر معاشرے کو تقسیم کر کے اسلامی معاشرتی اقدار سے ہٹانا چاہتا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ دشمن کی چالیں کامیاب نہیں ہوں گی اور دشمن اپنے مقاصد کبھی حاصل نہیں کر سکے گا۔

واضح رہے کہ ایران میں حجاب قانون کی خلاف ورزی پر گرفتار 22 سالہ مہسا امینی مبینہ طور پر دل کا دورہ پڑنے سے 16 ستمبر کو انتقال کر گئی تھی۔