الیکشن کمیشن نے  پی ڈی ایم کی معاونت کیلیے انتخابات موخر کیے، اسد عمر

499

اسلام آباد: تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل  وسابق وزیر منصوبہ بندی  اسد عمر نے کہا  ہے  الیکشن کمیشن نے ایک با ر پھر پی ڈی ایم کی معاونت کی   بلدیاتی انتخابات  موخر کیے، الیکشن کمیشن نے اپنے ہی فیصلے کو ریورس کردیا،حکومت کی خواہش تھی کہ کسی طرح اسلام آباد بلدیاتی انتخابات سے بھاگا جائے۔

اسد عمرنے کہا کہ پی ڈی ایم کی خواہش  وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کھل کر بیان کردی،عدالتی وقانونی اختیار کو استعمال کرتے ہوئے اسلام آباد کے عوام کو فیصلے دینے کا حق دینا چاہتے ہیں،ہم اس حق کیلئے اپنی جدوجہد کو جاری رکھیں گے۔

اسد عمر نے کہا کہ آج الیکشن کمیشن نے اپنے ہی فیصلے کو ریورس کردیا،حکومت کی خواہش تھی کہ کسی طرح اسلام آباد بلدیاتی انتخابات سے بھاگا جائے،ایک ہفتہ قبل الیکشن کمیشن اسلام آباد بلدیاتی انتخابات موخر نہ کرنے کا فیصلہ دے چکا تھا،موجودہ حکومت اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ  کہتے ہیں کہ اس سال بلدیاتی انتخابات نہیں ہونے چاہئیں،یہ  عام انتخابات کا سال ہے،بلدیاتی انتخابات عام انتخابات کے بعد ہونے چاہئیں ، وزارت داخلہ کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کے موخر ہونے کا نوٹیفیکیشن کیا گیا،یہ جو کام کررہے ہیں مضحکہ خیز ہے،ہمیں معلوم تھا کہ الیکشن کمیشن اسلام آباد بلدیاتی انتخابات موخر کرے گا۔

اسد عمر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کا انتظار کئے بغیر ہم نے ہائیکورٹ میں انٹراکورٹ میں فائل کر دی ہے، موجودہ اتحادی حکومت  نے آئین اور قانون کو مذاق بنایا ہوا ہے،یہ چاہتے ہیں کہ جمہوریت جمہور کے بغیر ہو،موجودہ حکومت نے یونین کونسل میں اضافے کی استدعا کی ہے۔