اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عمران نیازی نے ملک کی ترقی کا راستہ روکا، ہم نے آئی ایم ایف پروگرام جاری رکھنا ہے اس کے بغیر گزارہ نہیں، ہم نے 15 سال میں اصلاحات نہیں کیں جس کا خمیازہ بھگتا، ایسے اقدامات کرنا ہونگے جس سے صنعت اور زراعت ترقی کرے۔
شہباز شریف کہنا ہے کہ جب گیس سستی مل رہی تھی اُس وقت کی حکومت نے غفلت سے کام لیا، جس کی وجہ سے آج گیس کا بحران ہے، ہم نے ملک کو توانائی بحران سے نکالنے کا عزم کر رکھا ہے۔ یہ بات انہوں نے شمسی توانائی سے متعلق کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
ان کاکہنا تھا کہ دہشت گردوں کیلئے عمران خان کی جو پالیسی تھی، وہ چھوڑنا پڑے گی، ہم نے 15 سال میں اصلاحات نہیں کیں جس کا خمیازہ بھگتا، پچھلے دور میں احتساب کے نام پر انتقام لیا گیا، میں نے پنجاب میں 10 سال تک خدمت کی۔
وزیراعظم کا کہنا ہے کہ توانائی کے حصول کیلئے مقامی کوئلے کو بھی بروئے کار لا رہے ہیں، ملک کو بحران سے نکالنے کیلئے جنون سے کام کرنا ہوگا، جس ملک میں 27 ارب ڈالر کا تیل اور گیس امپورٹ ہوتا ہو وہاں ترقی کیسے ہوگی، ہم نے آئی ایم ایف معاہدے کی دھجیاں اُڑائیں، وہ ہم پر اعتماد کرنے کیلئے تیار نہیں، ہم نے آئی ایم ایف پروگرام جاری رکھنا ہے اس کے بغیر گزارہ نہیں۔
شہباز شریف کا مزید کہنا ہے کہ ایسے اقدامات کرنا ہوں گے جس سے صنعت اور زراعت ترقی کرے، عمران نیازی نے ملک کی ترقی کا راستہ روکا، 56 کمپنیاں کہاں گئیں؟، ثاقب نثار ان کمپنیوں کے پیچھے پڑگئے تھے، ان 56 کمپنیوں کیخلاف ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں کرسکے۔